پاکستان
07 فروری ، 2014

پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت

پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت

اسلام آباد…سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی خصوصی عدالت میں سماعت جاری ہے، خصوصی عدالت نے سابق صدر کو آج طلب کر رکھا ہے۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کا تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کررہا ہے۔سابق صدر کے وکیل فیصل چودھری نے عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ دوران سماعت مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جائے گی اور استدعا کریں گے پہلے عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ کیا جائے۔سابق صدرپرویزمشرف کی غداری کیس میں ممکنہ پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور فوجی اسپتال سے عدالت تک 11 سو سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف ڈاکٹروں کی مشاورت سے ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے، وہ خصوصی عدالت میں پیش ہو ں گے یا نہیں، اس حوالے سے قوم کو سرپرائز دیں گے۔ اس سے قبل خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے تاہم سابق صدر نے خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی جبکہ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف اگر عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جا سکتے ہیں۔

مزید خبریں :