پاکستان
07 فروری ، 2014

پہلے خصوصی عدالت کی تشکیل سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ کیا جائے ،انورمنصور

پہلے خصوصی عدالت کی تشکیل سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ کیا جائے ،انورمنصور

اسلام آباد…سابق صدر پرویز مشرف آج بھی غداری کیس میں خصوصی عدالت کے سامنے پیش نہ ہوئے، جبکہ ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر پولیس نے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کروادی۔پرویز مشرف کے وکیل انور منصور نے دلائل میں کہاکہ پہلے خصوصی عدالت کی تشکیل ، ججز اور پراسیکیوٹر کی تقرریوں کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ کیا جائے۔پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت خصوصی عدالت میں شروع ہوئی توپرویز مشرف کے وکلا نے آج پھر ان کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کردی ، پرویز مشرف کے وکیل انور منصور نے اپنے دلائل میں کہا پہلے خصوصی عدالت کی تشکیل ، ججز اور پراسیکیوٹر کی تقرریوں کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ کیا جائے، پورے ہفتے کے دوران کسی بھی سماعت کے موقع پر ان درخواستوں کو نہیں سنا گیا، ہماری درخواست پرفیصلہ کیے بغیرکارروائی کو آگے بڑھایا گیا تو یہ ناانصافی ہوگی،اس پر جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے کہ مسلسل تین سماعتوں پر آپ کی وجہ سے کارروائی ملتوی کی گئی، یہ ہمارا ذاتی معاملہ نہیں عدالت کے سامنے جو کیس آتا ہے ، اسے سننا ہماری ذمہ داری ہے۔پرویز مشرف کے وکیل انور منصور نے موقف اپنایا کہ میں سپریم کورٹ میں مصروف تھا، اس دوران استغاثہ کو سنا گیا، استغاثہ نے میڈیکل رپورٹ پر اعتراضات اٹھائے تھے جنہیں سنا گیا، پرویز مشرف کے خلاف صرف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے، ضابطہ فوجداری سمیت کوئی دوسرا قانون ان پر لاگو نہیں ہوتا،اگر عدالت اس نتیجہ پر پہنچے کہ اسے اختیار سماعت ہے، تب کارروائی آگے بڑھائی جائے، میں عدالت کو قائل کرنے کی کوشش کررہا ہوں، پرویز مشرف کی حاضری کی ضرورت نہیں،عدالت اختیار سماعت کا فیصلہ کرے تو پرویز مشرف پیش ہو جائیں گے، پرویز مشرف کا عدالت میں پیش ہونا کوئی مسئلہ نہیں، پرویز مشرف سول جج سمیت 7 مختلف عدالتوں میں پیش ہو چکے ہیں۔جسٹس فیصل عرب نے انور منصورکو ہدایت کی کہ آپ اپنی درخواستوں پر دلائل دیں، کوئی معاملہ عدالت کے سامنے آئے تو صرف اختیار سماعت پر اعتراض کے باعث کارروائی نہیں روکی جا سکتی۔انو رمنصور نے دلائل میں یہ بھی کہاکہ ان لوگوں سے مذاکرات ہو رہے ہیں جنہوں نے پاکستان کے خلاف جنگ شروع کر رکھی ہے۔جسٹس فیصل عرب نے کہاکہ یہ غیر متعلقہ بات ہے ، سیاسی امور پر بات نہ کریں۔انور منصور نے کہاکہ میڈیا پرویز مشرف کو عالمی سطح پر غداری کا مرتکب قرار دے رہا ہے۔جسٹس فیصل عرب نے کہاکہ جب تک کسی کو سزا نہ ہو جائے اسے مجرم قرار نہیں دیا جا سکتا،پولیس نے پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔اس پر انور منصور نے کہاکہ وارنٹ کی تعمیل ہو چکی، تحفظات ظاہر کیے ہیں جو درج ہیں پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ اور بیرون ملک جانے کی درخواستیں میرا موقف سنے بغیر خارج کی گئیں۔

مزید خبریں :