08 فروری ، 2014
پشاور…خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف کی حکومت نے جنگلات میں کمی پر قابو پانے کیلئے گرین گروتھ پروگرام چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا افتتاح اتوار کو عمران خان کررہے ہیں۔ خیبرپختون خوا حکومت نے صوبے میں 5سالہ گرین گروتھ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت صوبے میں ہنگامی بنیادوں پر سونامی پلانٹیشن کی جائے گی اور دو ارب سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے۔ ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے اور جنگلات کی کٹائی کی حوصلہ شکنی کیلئے کاربن کریڈیٹ پروگرام شروع کیا جارہا ہے جس کے تحت درختوں میں کاربن کی مقدار کو جانچنے کے بعد درخت مالکان کو رقم ادا کی جائے گی۔ پروگرام میں نیشنل پارکس کو محفوظ بنانے اور توسیع کیلئے اقدامات کیئے جائیں گے۔ کلین انرجی کے تحت پانی سے مزید بجلی پیدا کرنے اور سرکاری دفاتر میں شمسی توانائی کے منصوبے بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔ گرین گروتھ پروگرام کے تحت پانچ سال کے دوران شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے اور نکاسی آب کے انتظام کو بہتر بنایا جائے گا۔ کوڑے کو کارآمد بناکر اس سے گیس بنانے کامنصوبہ بھی پروگرام کا حصہ ہے جبکہ گندگی کو اٹھانے کیلئے جدید مشینری متعارف کرائی جائے گی۔