08 فروری ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے آج کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں پرامن یوم سوگ منایا گیا، تجارتی مراکز،پبلک ٹرانسپورٹ، نجی اسکول اور جامعات بند رہیں۔ رابطہ کمیٹی کی اپیل پر 2 بجے کے بعد کاروباری مراکز اور دکانیں کھول دی گئیں،کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کی اپیل پر آج یوم سوگ منایا گیا۔ اس موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک معمول سے کم رہا جبکہ پیٹرول پمپ اور سی این جی اسٹیشنز سمیت کاروبار مراکز بھی بند رہے۔ متحدہ کی جانب سے یوم سوگ کے اعلان کے بعد آل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے شہرمیں گاڑیاں نہ چلانے اور کراچی تاجر اتحاد نے تجارتی مراکز اور مارکیٹوں کے شٹر ڈاوٴن کا اعلان کیا تھا۔ جامعہ کراچی کے تحت ہونے والے تمام پرچے بھی ملتوی کردیے گئے تھے جبکہ نجی تعلیمی ادارے بھی بند رہے۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے 2بجے یوم سوگ ختم کرنے کا اعلان کیا گیا اور کاروباری برادری سے دکانیں اور ٹرانسپورٹ کھولنے کی اپیل کی گئی، جس کے بعد معمولات زندگی آہستہ آہستہ بحال ہونا شروع ہوگئے۔ کاروباری مراکز، پٹرول اور سی این جی پمپس بھی کھل گئے، جبکہ سڑکوں پر اکادکا پبلک ٹرانسپورٹ بھی نظر آنا شروع ہوگئی۔