پاکستان
08 فروری ، 2014

سعودی شہزادے کی آمد پر لاہور دلہن کی طرح سجا

سعودی شہزادے کی آمد پر لاہور دلہن کی طرح سجا

لاہور…سعودی شہزادے کی آمد پر لاہور دلہن کی طرح سج گیا۔ سعودی شہزادے پرنس سلطان بن سلمان آج لاہور پہنچے تو زندہ دلوں کے شہر لاہور میں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ شہر کو پھولوں، فواروں اور استقبالیہ بینرز اور سائن بورڈز سے سجا دیا گیا۔ ڈھول کی تھاپ پر گھوڑے بھی جھومتے رہے۔ سعودی شہزادے سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز نے زندہ دلوں کے شہر لاہور میں قدم کیا رکھا، ڈھول کی تھاپ پر گھوڑے ناچ اٹھے، فنکاروں نے اپنے مخصوص انداز میں معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔ شہربھر کو پھولوں سے خوبصورتی سے سجا یا گیا۔لاہور کی سڑکوں پر مہمان خاص کی تصاویر کے بڑے بڑے سائن بورڈ بھی آویزاں کرکے انہیں اہلاً وسہلاً مرحبا کہا گیا،معزز مہمان ائیر پورٹ سے مال روڈ کے راستے بادشاہی مسجد اورعجائب گھر بھی گئے، جہاں انہوں نے تاریخی نوادرات کی تعریف کی۔ استنبول چوک پر پھول ہی پھول کھلے ہوئے تھے۔ دورویہ پھولوں کی ٹوکریاں،بھنگیوں کی توپ کے گرد فوارے اور کبوتروں کی اڑان یہ سب کچھ سعودی شہزادے کیلئے ہی تو تھا۔سعودی شہزادے جہاں جہاں کی سیر کرکے گزرتے جاتے وہیں وہیں سے ضلعی حکومت لاہور کے چاک وچوبند اہلکار فوری طور پر استقبالیہ بینرز اور پھول بوٹے اور گملے اٹھا کر ٹرکوں میں ڈالتے جاتے، سعودی شہزادے کی آمد پر خوبصورت لاہور مزید نکھر گیا۔شہری کہتے ہیں کہ کاش لاہور ہمیشہ کیلئے ایسا ہی صاف ستھرا اور دل کش نظر آئے تو کیا ہی بات ہے۔

مزید خبریں :