13 فروری ، 2014
کراچی…امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے جمعیت علما اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور ان سے پاکستان کی موجودہ صورتحال سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان جمعیت علما اسلام ف جان اچکزئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے امریکی سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 2014 کے بعد افغانستان خطے میں امن اور استحکام پر گہرے اثرات مرتب کرسکتا ہے جس سے پاکستان بھی متاثر ہوگا۔ ترجمان کے مطابق امریکی سفیر نے کہا کہ عسکریت پسندی پاکستان کا اندرونی مسئلہ ہے،طالبان کے ساتھ مذاکرات یا آپریشن سے متعلق امریکہ کا کوئی تعلق نہیں۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندی سے کیسے نمٹنا ہے، فیصلہ پاکستان کو خود کرنا ہوگا۔