13 فروری ، 2014
لندن…برطانیہ میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، ہزاروں گھربجلی سے محروم ہیں، ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہے، ساحلی علاقوں میں مزید وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ برکشائر، سرے، اور سمرسیٹ کاؤنٹی میں 16سیلابی وارنگز جاری کی جاچکی ہیں۔کئی علاقوں میں سڑکیں متاثر ہونے سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ 170 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث متعدد درخت گرگئے ہیں اور بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ویلز میں 80 ہزار، جنوب مغربی انگلینڈ میں بھی 80ہزار سے زائد اور مغربی مڈلینڈز میں 10 ہزار گھر بجلی سے محروم ہیں۔ ریلوے حکام کے مطابق مرکزی مغربی ساحلی علاقوں میں ٹرین کی آمد و رفت فی الحال بند ہے، ادھر دریائے ٹیمز میں طغیانی کے باعث نشیبی علاقے زیرآب ہیں، سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔