16 فروری ، 2014
حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر عرفان صدیقی طالبان کی جانب سے کارروائیاں بند کرنے کے اعلان کا انتظار ہے، جواب آنے کے بعد ہی کمیٹیوں کا اجلاس ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر عرفان صدیقی اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی اور انہیں طالبان کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور پربریفنگ دی۔ وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈی نیٹرعرفان صدیقی نے جیو نیوزکو بتایا کہ وزیراعظم کوطالبان مذاکراتی کمیٹی کے سامنے جنگ بندی اور دیگر مطالبات پیش کیے جانے سے متعلق آگاہ کیا گیاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے حکومتی کمیٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی حکومت کی جانب سے تعاون کے معاملے پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کی جانب سے کارروائیاں بند کرنے کے اعلان کا انتظار ہے، واضح جواب آنے کے بعد ہی مذاکراتی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس ہوگا۔