17 فروری ، 2014
گلگت …سوچی ونٹر اولمپکس میں اسکی انگ کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کا تاج،گلگت بلتستان کے محمد کریم کے سر سجا ہے۔16 سالہ محمد کریم کی کامیابی کے لئے اس کے گاوٴں میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔16سالہ محمد کریم کاتعلق گلگت بلتستان کی نلتر ویلی سے ہے، وہ بچپن سے اسکی انگ جیسے انتہائی مشکل اور خطرناک کھیل میں دلچسپی لیتے رہے اورکم عمری میں ہی اپنی محنت اور لگن کی بدولت درجنوں قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں کئی ایوارڈ جیتنے میں بھی کامیاب ہو گئے۔ان کی اسی شاندار کارکردگی کے باعث سوچی ونٹر اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہوا۔ گھروالے، رشتہ داراورمقامی افراد سبھی محمد کریم کی سوچی اولمپکس میں کامیابی کے لئے دعاگوہیں۔محمد کریم پانچ بھائیوں میں سب سے چھوٹا ہے، ان کے چاروں بھائی بھی اسکی انگ کے قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں ایوارڈ یافتہ ہیں، محمد کریم کے والد کوامیدہے کہ محمد کریم سوچی اولمپکس میں پاکستان کانام ضرور روشن کرے گا۔محمد کریم کی سوچی اولمپکس میں شرکت ایک اعزاز ہے پوری قوم منتظر اور دعا گو ہے کہ وہ فتحیاب ہو کرملک وقوم کا نام روشن کرے۔