19 فروری ، 2014
نئی دہلی …نئی ریاست کے قیام کے بل سے ناراض قانون سازوں نے لوک سبھا اور راجیا سبھا کو مچھلی بازار بنادیا، دونوں ایوانوں کی کارروائی ایک دن میں دو بار ملتوی کی گئی۔ بھارت کی لوک سبھا میں نئی ریاست تلنگانا کے قیام کا بل منظور ہوگیا، کہیں احتجاج ہوا تو کہیں خوشی کے شادیانے بجے۔اس کے بعد بل کا اگلا پڑاؤ راجیا سبھا تھا، جہاں راجیا سبھا کے سیکرٹری جنرل شمشیر نے لوک سبھا کا پیغام پڑھنا شروع کیا۔تیلگو ڈیسام پارٹی کے رکن نے چھینا جھپٹی کی اور کاغذ ہاتھ سے چھین لیا اور ایوان مچھلی بازار بن گیا۔تلنگانا کے قیام پر ناراض آندھر اپردیش کے وزیراعلیٰ کرن ریڈی نے اپنے عہدے اور رکن اسمبلی کی حیثیت سے استعفیٰ دیدیا۔ادھر یو پی کی اسمبلی میں گورنر کے جوائنٹ سیشن سے خطاب پراپوزیشن اراکین آپے سے باہر ہوگئے، بنچوں پر چڑھ کر قمیض اتارلیں اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔