21 فروری ، 2014
پشاور…کالعدم تحریک طالبان نے جنگ بندی کے اعلان سے انکار کردیا۔کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہداللہ شاہدنے نامعلوم مقام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہمارے خلاف لڑ رہی ہے، جنگ بندی کا اعلان ہم کیسے کرسکتے ہیں، پہلے حکومت جنگ بندی کا اعلان کرے۔ شاہد اللہ شاہد کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کہتی ہے مٹھی بھر گروہ کی خلاف جنگ بندی کیسے کی جاسکتی ہے، جنگ بندی نہیں کی جاسکتی تو حکومت مٹھی بھر لوگوں کی ساتھ مذاکرات کیسے کر سکتی ہے، ہماری جنگ کئی سال سے جاری ہے، مذاکرات شروع ہونے کے بعد ہمارے کئی ساتھیوں کو ہلاک کیا گیا۔ شاہد اللہ شاہد کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئین میں ایک جز بھی اسلامی نہیں، کوئی مانے یانہ مانے، قرآن اور احادیث مکمل آئین ہے، حکومت مذاکرات کے ذریعے ہم سے آئین منوانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کوجاری رکھنا چاہتے ہیں۔