25 فروری ، 2014
کراچی…محمد رفیق مانگٹ……برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ امریکی اسلحے کاسب سے بڑا خریدار بھارت ہے، بھارت نے گزشتہ سالامریکا سے 1.9ارب ڈالر کا فوجی سازوسامان خرید کر امریکی ہتھیاروں کا سب سے بڑا غیر ملکی خریدار بن گیا ہے۔برطانوی اخبار”فنانشل ٹائمز“ کے مطابق امریکی اسلحے کاسب سے بڑا خریدار بھارت ہے۔ اخبار نے برطانوی دفاعی میگزین IHS Jane's کی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ سال بھارت امریکا سے 1.9ارب ڈالر کو فوجی سازوسامان خرید کر امریکی ہتھیاروں کا سب سے بڑا غیر ملکی خریدار بن گیا۔امریکافوجی سازو سامان کا سب سے بڑا برآمد کنندہ رہا ،تاہم امریکا نے بھارت کو سب سے بڑا اسلحہ سپلائر بن کر روس کو پیچھے چھوڑ دیا۔2013ء میں امریکا نے مجموعی طور پر 24.9 ارب ڈالر کا فوجی سازوسامان فروخت کیا جب کہ 2012ء میں امریکی دفاعی سازوسامان کی فروخت24.9ارب ڈالر رہی۔ بھارت کی مجموعی دفاعی درآمدات5.9ارب ڈالر رہی جب کہ بھارت نے بوئنگ C-17A اسٹریٹجک ٹرانسپورٹ اورP-8I میری ٹائم پورٹل ایئر کرافٹ کی خریداری کے ساتھ امریکا سے فوجی سازوسامان کاسب سے بڑا خریدار بن کر سعودی عرب کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جو امریکی ہتھیاروں کی خریداری میں سرفہرست تھا۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق2010ء میں بھارت نے ہتھیار درآمد کرنے میں چین سے سبقت لے لی تھی۔ اب تک بھارت سب سے زیادہ اسلحہ روس سے ہی خریدتا آرہا تھا۔2009ء میں بھارت نے امریکا سے237ملین ڈالرکا اسلحہ خریدا تھا جب کہ2013میں 1.9ارب ڈالر تک جا پہنچا۔