27 فروری ، 2014
کراچی…مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سے مفاہمت کی افواہوں میں صداقت نہیں، متحدہ سے کوئی تعلق تھا نہ ہوسکتا ہے۔ کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ کچھ بزرگوں نے مہاجر قوم کی خاطر متحدہ سے مفاہمت کی تجویز دی تھی مگر قوم کے جوانوں کے خون کا سودا نہیں کر سکتا۔ آفاق احمد کا کہنا تھا کہ الطاف حسین اور ان کے ساتھی اپنی جمع کی گئی دولت کا پچاس فیصدحصہ بھی مہاجروں پر خرچ کردیں تو غریب مہاجرخوشحال ہوسکتے ہیں۔ ایک سوال پرآفاق احمد نے بتایا کہ وہ عمرہ ادا کرنے کے بعد دودن دبئی میں قیام کریں گے اور پھر نجی دورے پر لندن جائیں گے۔