04 مارچ ، 2014
نئی دہلی…آج کل دنیا کے کئی ملک دھماکوں سے گونج رہے ہیں ،خیال یہی کیا جاتاہے کہ اس وقت سب سے زیادہ دھماکے جنگ زدہ ملکوں افغانستان اور شام میں ہورہے ہیں ،لیکن ایک بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بم دھماکوں کے حوالے سے دنیا کا سب سے خطرناک ملک بھارت ہے جہاں گزشتہ سال دوسوسے زائد دھماکے ہوئے۔ بھارت وہ ملک ہے جہاں بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد افغانستان سے بھی زیادہ ہے،بظاہر یہ بات بہت عجیب ہے،لیکن بھارتی اعداد و شمار کے مطابق بم دھماکوں کے حوالے سے دنیا کے خطرناک ترین ملکوں میں بھارت کا نام عراق ،پاکستان اورجنگ زدہ افغانستان اور شام سے آگے ہے۔بھارت کے نیشنل بم ڈیٹا سینٹر کے مطابق 2013 میں بھارت میں 212 بم دھماکے ہوئے ، جن کی تعداد افغانستان میں ہونے والے دھماکوں سے دو گنی ہے،جہاں اس دوران 108 بم دھماکے ہوئے۔ بنگلادیش میں 75 اورشام میں دھماکوں کی تعداد36 تھی۔2012 میں بھارت میں ہونیوالے بم دھماکوں کی تعداد 241 تھی۔2013 کے دھماکوں میں بھارت میں 130افراد ہلاک اور 466زخمی ہوئے۔2012 میں ہلاکتوں کی تعداد 113 جبکہ زخمیوں کی 419 تھی۔بھارت میں 2004 سے 2013 کے درمیان آئی ای ڈی دھماکوں کی اوسط تعدادسالانہ 298 رہی۔ ان دھماکوں سے بھارت کی شمال مشرقی ریاستیں آسام،منی پور ،بہار،چھتیس گڑھ اور جھاڑکھنڈ کی سب سے زیادہ متاثر ہوئیں ۔