04 مارچ ، 2014
ڈھاکا…ذرا جنید خان کو بھی داد دے لی جائے،کبھی کبھی جیت اور کامیابی کی خوشی میں ان لوگوں کا کردار بھلادیاجاتا ہے، جنہوں نے اس کامیابی میں اپنا چھوٹا سا لیکن بہت اہم حصہ ڈالا ہوتا ہے۔ بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی میں جنید خان کے اس ایک رن نے بھی اہم کردار ادا کیا جو انہوں نے آخری اوور میں لے کر شاہد آفریدی کو کریز پر آنے کا موقع دیا۔ تو آئیے ذرا جنید خان کو بھی داد دے لی جائے۔ جب سے پاکستان نے بھارت کے خلاف معرکہ مارا ہے سب لالہ آفریدی ہی کی واہ واہ کر رہے ہیں، کسی کو جنید خان کا خیال ہی نہیں جس نے سنگل رن لے کر آفریدی کو کریز پر آنے کا موقع دیا۔ ایسا ہی کچھ 1986ء میں بھی ہوا تھا۔ آسٹریلیشیا کپ کی آخری گیند پر میاں داد نے چھکا مار کر پاکستان کو فتح دلائی، مگر ایک رن لے کر انہیں کریز پر آنے کا موقع دینے والے توصیف احمد کو صرف ستم ظریفوں نے ہی یاد کیا۔ جنید خان نے حد درجہ دباوٴ کے باوجود اپنے اعصاب قابو میں رکھ کر سنگل لیا۔ ان کا کرم، ان کی مہربانی، ایسے کرم پر ایک گانا تو جنید خان کے لیے بھی بنتا ہے نا؟