09 مارچ ، 2014
کراچی …کراچی بے امنی کیس میں سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی۔ پولیس چیف کراچی شاہد حیات نے پانچ ستمبر2013سے شروع ہونے والے آپریشن کے دوران غفلت برتنے والے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی۔ رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس کے 46تفتیشی افسران کو سخت جبکہ 69تفتیشی افسران کومعمولی سزا دی گئی ہے۔پولیس چیف نے35سی آئی اے افسران کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرکے جواب بھی طلب کیا ہے۔ کراچی امن و امان عمل درآمد کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے آبزرویشن دی تھی کہ پولیس کی ناقص تفتیش کے باعث دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن نتیجہ خیزثابت نہیں ہو پا رہا۔سخت سزائیں پانے والوں میں ایسٹ زون کے32،ویسٹ زون کے 12اورساوٴتھ زون کے 2افسران شامل ہیں۔ سخت سزاؤں میں مدت ملازمت میں کمی(سنیارٹی میں کمی)،تنخواہ کی کٹوتی،تنزلی،جبری ریٹائرمنٹ اوربرطرفی کی سزائیں دی گئی ہیں جبکہ معمولی سزائیں پانے والے 69تفتیشی افسران میں ایسٹ زون کے29،ویسٹ زون 29اورساوٴتھ زون کے 11افسران شامل ہیں۔معمولی سزاوٴں میں تنخواہوں میں اضافہ کی بندش اور وارننگ لیٹرز شامل ہے،جن افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ان میں سب انسپکٹر فیصل محمد ابراہیم،سب انسپکٹر نیاز حسین ، اے ایس آئی عبدالوحید،انسپکٹر عبدالوحید،سب انسپکٹرزاہد حسین ،سب انسپکٹراسلم شاہ، انسپکٹر ندیم صدیقی،انسپکٹر بنہال شاہ، انسپکٹرراوٴ ذوالفقار، سب انسپکٹر منظور حسین اور سب انسپکٹر نذرحسین شاہ شامل ہیں۔ان افسران کے خلاف کارروائی کراچی امن وامان عملدرآمد کیس کے دوران سپریم کورٹ کی ہدایت پر شروع کی گئی۔