04 اپریل ، 2012
نئی دہلی… بھارت نے ایٹمی توانائی سے چلنے والی آبدوز آئی این ایس چکرا کو اپنے بحری بیڑے میں شامل کرلیا، ایٹمی توانائی سے چلنے والی آئی این ایس چکرا روس کے تعاون سے تیار کی گئی ہے، جس کی بھارتی بحریہ میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان وزیر دفاع اے کے انٹونی کرچکے ہیں ،بھارت جلد ہی ایک اور آبدوز” آئی این ایس اری ہانت“ بھی مقامی طور پرتیارکرکے اپنی فلیٹ میں شامل کرے گا۔آئی این ایس چکرا کو روس سے دس سالہ لیز پر حاصل کیاگیا ہے جس سے بھارتی بحریہ ایٹمی توانائی سے چلنے والے جہازوں پر تربیت آپریشنز کی مشق کرسکیں گے،بھارتی بحریہ کے اہل کاروں نے بتایا کہ ایٹمی توانائی سے چلنے والی یہ آبدوز 100 دن تک سطح سمندر کے نیچے رہ سکتی ہے،اس پر 73 افراد قیام کرسکتے ہیں۔ اسے ڈیزل سے چلنے والی دیگر آبدوزوں کی طرح مخصوص مدت کے بعد سطح سمندر پر آنے کی ضرورت نہیں ہے۔8140 ٹن وزنی 30 ناٹیکل مائیل کی رفتار سے دوڑے گی اور 6 سو میٹر گہرائی میں جاسکتی ہے۔ آئی این ای چکرا میں 533 ایم ایم اور 650 ایم ایم کے چار چار تارپیڈو نصب ہوں گے۔