10 مارچ ، 2014
ڈھاکا…آئی سی سی نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے میچ آ فیشلز کے ناموں کا اعلان کردیا۔ پاک بھارت میچ کو دھرما سینا اور رچرڈ کیٹل برگ سپر وائز کریں گے۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا میلہ 16مارچ سے بنگلادیش میں سجے گا، میگا ایونٹ کے لیے آئی سی سی نے آفیشلز کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ ایونٹ کا سب سے بڑامیچ 21مارچ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا جس کیلئے دھرما سینا اور رچرڈ کیٹل برو سپروائز کریں گے۔ آئی سی سی نے 35میچز کیلئے ڈیوڈ بون، رنجن مدوگالے، روشن ماہناما اور سری ناتھ کو میچ ریفری مقررکیا ہے۔ امپائرز پینل میں مختلف ممالک کے گیارہ امپائرز شامل ہیں۔ پاکستان کے علیم ڈار 15میچز کا حصہ ہوں گے، 11میچز میں وہ فیلڈ اور چار میچز میں تھرڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنلز اور فائنل کے آفیشلز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔