10 مارچ ، 2014
اسلام آباد…سنگین غداری کیس کے ملزم پرویزمشرف پر فرد جرم کل عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ وزارت داخلہ نے پولیس کو خط لکھا ہے کہ پرویز مشرف پر اسپتال سے خصوصی عدالت جاتے ہوئے حملہ ہوسکتا ہے، احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ مشرف کل عدالت نہیں جائیں گے۔خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس کے ملزم پرویز مشرف کو گیارہ مارچ کو ہر حال میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا ۔ وفاقی وزارت داخلہ نے ایک خط میں مشرف پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ گزشتہ سماعت پر سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت نے حکم جاری کیا تھا کہ کچھ بھی ہو جائے پرویز مشرف عدالت میں پیش ہوں۔ مگر عدالتی حکم پر عمل درآمد اب کھٹائی میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔ وزارت داخلہ نے ایسے وقت میں کہ جب پرویز مشرف کو عدالت میں پیش ہونا ہے ایک خط جاری کر دیا جس کے مطابق سابق صدر کی جان شدید خطرے میں ہے۔ وزارت داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھجوائے گئے خط میں واضح کیا ہے کہ حالیہ معلومات کے مطابق جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور القاعدہ ہلاک کرنے کا منصوبہ تیار کرچکی ہیں، اطلاعات کے مطابق دہشت گرد پرویز مشرف کو اے ایف آئی سی سے نیشنل لائبریری میں قائم خصوصی عدالت جانے والے تمام ممکنہ روٹس پر نشانہ بناسکتے ہیں، پرویز مشرف کو لے جانے والی سیکیورٹی ٹیم میں شدت پسندوں کے ہمدرد بھی موجود ہوسکتے ہیں جو ان پر سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی طرز کا قاتلانہ حملہ کرسکتے ہیں، دہشت گرد پرویز مشرف کو قتل کرنے کیلئے دھماکہ خیز مواد والی گاڑیاں بھی استعمال کرسکتے ہیں، انہیں راستے یا عدالت کے باہر یا اندر بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ وزارت داخلہ کے خط میں کہا گیا ہے کہ جنرل پرویز مشرف کو عدالت لانے کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ پرویزمشرف کے وکیل احمدرضاقصوری نے کہا ہے کہ شکایت کنندہ نے خود خطرے کا خط جاری کر دیا ہے، ا ب مشرف عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔