12 مارچ ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے استور کے قریب برفانی تودہ گرنے کے باعث پاک فوج کے 26جوانوں کے دب کر زخمی ہونے اور4جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے شہید ہونے والے جوانوں کے سوگوار لواحقین سمیت پوری مسلح افواج سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہیدوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے اور برفانی تودہ گرنے سے زخمی ہونیوالے فوجی جوانوں کو جلد و مکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔ دریں اثناء خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تھر کے قحط سالی سے متاثرہ عوام کیلئے مٹھی میں طبی و امدادی کیمپ قائم کردیا گیا ہے جہاں سینکڑوں متاثرہ نوجوانوں ، بزرگوں ، خواتین اور بچوں کو علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئیں اور ان میں لاکھوں روپے مالیت پر مشتمل غذائی اجناس اور امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔امدادی سامان ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر صغیر احمد ، شاکر علی ، حق پرست ارکان اسمبلی زبیر احمد ، ڈاکٹر ظفر کمالی اور پونجو مل بھیل نے متاثرہ نوجوانوں ،بزرگوں اور خواتین میں تقسیم کیا جس میں غذائی اجناس آٹا ، چاول ، چینی ، گھی ، شکر ، خشک دودھ ، دالیں ،مصالحہ جات اور ادویات کے علاوہ روز مرہ استعمال میں آنے والی دیگر اشیاء شامل ہیں جبکہ طبی کیمپ میں ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں اور پیر میڈیکل اسٹاف کے عملے نے تھر کے متاثرہ عوام کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں بھاری مالیت کی ادویات فراہم کیں۔اس موقع پر ایم کیوایم سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج عمر قریشی اور ایم کیوایم میر پور خاص اور عمر کوٹ زون کے زونل انچارجز بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ قبل ازیں رابطہ کمیٹی کے ارکان نے مٹھی میں قائم طبی کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرہ عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائز ہ لیا ۔بعدازاں ارکان رابطہ کمیٹی نے مٹھی کے سول اسپتال کا دورہ کیا اور قحط سالی سے متاثرہ عوام کی عیادت کی اور قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے ان کی خیریت دریافت کی ۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان نے متاثرین میں پھل تقسم کئے ، اسپتال کے عملے کو متاثرین کے علاج و معالجے میں کسی قسم کی کسر باقی نہ چھوڑنے کی ہدایت کی اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔