17 مارچ ، 2014
لاہور…محکمہ صحت پنجاب کی دھمکی کام آگئی،7دن سے پنجاب اسمبلی کے سامنے جاری نرسوں کا دھرنا ختم ہوا۔ کہتی ہیں سمجھ آگئی۔ 3سالہ کنٹریکٹ لیٹر اور بعد میں ریگولر کئے جانے کی حکومت کی پیش کش مثبت ہے، کچھ تحفظات تھے، جو دور ہوگئے ہیں۔ لاہور کے مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سامنے سفید یونیفارم میں ملبوس ایڈہاک نرسوں کا دھرنا بالآخر ہوا ختم۔ محکمہ صحت نے دھمکی دی کہ آج آخری دن ہے، لیٹروصول کرلیں، ورنہ خود کو فارغ سمجھیں۔ چند ہی منٹوں میں دھرنا دینے والی نرسوں کو سمجھ آ گئی اور پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے سے پہلے ہی بوریا بستر گول کر کے گھروں کو چلتی بنیں۔ نرسوں نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کا حکومت سے کوئی اختلاف نہیں، حکومت کی پیش کش مثبت ہے، کچھ تحفظات تھے جو حکومت نے دور کر دیئے۔ اس سے پہلے احتجاجی نرسوں نے سینئر نرسزکی بات ماننے سے بھی انکار کر دیا تھا۔ تاہم کنٹریکٹ لیٹرز ملنے پر بیشتر ایڈہاک نرسیں دھرنا ختم کرکے ڈیوٹیوں پر واپس جا چکی تھیں۔