04 اپریل ، 2012
اسلام آباد … عالمی اقتصادی فورم کی رپورٹ کے مطابق معاشی نظم و ضبط اور مسابقت کے لحاظ سے پاکستان 142 ملکوں میں 102 ویں نمبر پر ہے، تاہم آزاد عدلیہ کے لحاظ سے پاکستان کی رینکنگ بہتر ہوئی ہے۔ عالمی اقتصادی فورم نے گلوبل انفارمیشن ٹیکنالوجی رپورٹ 2012ء جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی حکومت میں نظم و ضبط کی کمی ہے اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی حکومت موٴثرکارکردگی نہیں دکھاسکی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں عدالتی نظام اور قوانین بہتر ہوئے ہیں اور پاکستان کی رینکنگ 95 درجے سے بہتر ہوکر 79 ویں نمبر پر آگئی ہے۔ آزاد عدلیہ کے لحاظ سے 142 میں سے پاکستان کا 62 واں نمبر ہے اور پاکستان کی رینکنگ 11 درجے بہتر ہوئی ہے، تعلیمی معیار کے لحاظ سے پاکستان میں 7 درجے بہتری ہوئی اور پاکستان کا نمبر 79 واں ہے۔