18 مارچ ، 2014
اسلام آباد…صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے ملنے والے ڈیڑھ ارب ڈالرز پر شور نہیں مچنا چاہیے،مصلحت کے تحت ہی ڈیڑھ ارب ڈالرز ملنے کی وجوہات نہیں بتا ئی جا رہیں۔نیشنل پریس کلب کے صدر شہر یار خان اورسینئر نائب صدر عبدالرزاق سیال کی قیادت میں صحافیوں کے وفد نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی ،ملاقات میں صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ عالمی تقاضوں کی وجہ سے دوست ممالک سے ملنے والی امداد پر خاموشی اختیار کرنا ہی بہتر ہوتا ہے۔ عالمی تعلقات مناقفت کے بغیر نہیں چل سکتے،صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جب پیپلز پارٹی اقتدارمیں آئی تو ملکی قرضے 6ہزار 7سو ارب روپے تھے ، لیکن مسلم لیگ ن کو جب حکومت ملی تو قرضے 14 ہزار 800 ارب روپے تک پہنچ چکے تھے۔ حکومت ملک کو تمام مسائل سے نکالنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔