18 مارچ ، 2014
اسلام آباد… سانحہ ایف ایٹ کچہری کے خلاف اسلام آباد میں وکلا نے ریلی نکالی اور پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے دھرنا دیا،انہوں نے ڈسٹرکٹ کورٹس کو جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کے لئے تین دن میں اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔وکلاء کی ریلی کا آغاز ایف ایٹ کچہری سے ہوا۔ شرکاء جناح ایونیو سے ہوتے ہوئے پارلیمنٹ کے سامنے ڈی چوک پہنچے جہاں سانحہ میں ملوث ملزموں کی جلد گرفتاری کے لیے دھرنا دیا گیا۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ ایف ایٹ کی ضلع کچہری عارضی طور پر منتقل کرنے کی پیشکش قبول نہیں کی جائے گی۔ریلی میں پیپلزپارٹی کے رہ نما سینیٹر اعتزاز احسن، قمر زمان کائرہ اور نذر گوندل بھی شریک ہوئے ، اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ نے مقتول جج رفاقت اعوان کے گن مین کے خلاف بیان دے کر حملہ آوروں کو تحفظ دینے اور تفتیش کا رخ موڑنے کی کوشش کی ، وزیر داخلہ بتائیں انہوں نے غلط بیانی کیوں کی۔