پاکستان
20 مارچ ، 2014

19 وفاقی اداروں میں عبوری سربراہان تعینات ہیں:فواد حسن فواد

19 وفاقی اداروں میں عبوری سربراہان تعینات ہیں:فواد حسن فواد

کراچی…وزیراعظم کے ایڈیشنل سیکریٹری فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ 19 وفاقی اداروں میں عبوری سربراہان تعینات ہیں،الیکشن کمیشن،اسٹیٹ بینک،نادراسمیت19اداروں میں کل وقتی سربراہان مقررنہیں کیے گئے،سرکاری اداروں میں تعیناتیاں ایک ماہ میں کردی جائیں گی۔ جیو نیوز کے پروگرام ”آج کامران خان کے ساتھ“ میں میزبان کامران خان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے ایڈیشنل سیکریٹری فواد حسن فواد کا مزید کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کا تقرر جلد ہوجائے گا، آئی جی سندھ کیلئے مشتاق احمد، میر زبیر اور کیپٹن لیاقت ملک مضبوط امیدوار ہیں۔ فواد حسن فواد نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کے عہدے پر تعیناتی کچھ ہفتوں میں کردی جائے گی، ایس ای سی پی کے چیئرمین کیلئے اشتہار قانون کے تحت درست نہیں تھا، ایف آئی اے میں حکومت ڈی جی پولیس سے ہی لگانا چاہتی ہے۔ فواد حسن فواد نے کہا کہ حکومت ہر قدم پھونک پھونک کر رکھ رہی ہے، حکومت چاہتی ہے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہ ہو، سپریم کورٹ نے کمیشن کے ذریعے تعیناتیوں کا حکم دیا ہے، حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر نیک نیتی سے عمل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

مزید خبریں :