26 مارچ ، 2014
کراچی…ایک گھنٹا زمین کے نام۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی 29مارچ کو ارتھ آور منایا جائے گا۔ سندھ اسمبلی میں ڈبلیو ڈبلیو ایف اور جیو نیوز کے اشتراک سے تقریب ہوئی جس میں صوبائی وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو نے بھی شرکت کی اور سندھ حکو مت کی جانب سے 29مارچ کو بھر پور انداز میں سندھ اسمبلی کے احاطے میں آرتھ آور منانے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر جیو نیو ز کے کنٹرولر نیوز انصار نقوی کا کہنا تھا کہ یہ زمین سب کی سانجھی ہے،اس سے محبت کا اظہار بھی سب کو کرنا چاہئے، دھرتی کے وسائل کو سنبھالنے کیلئے نا صرف پاکستان بلکہ سو سے زائد ممالک کوشاں ہیں۔شرکا ء نے دستخط کرکے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نا صرف ارتھ آور پر ایک گھنٹہ بلکہ ہمیشہ غیر ضروری بتیاں بجھا کر اعلیٰ مثال قائم کریں گے۔ 6ارب سے زائد انسانوں کامسکن یہ زمین اپنے مکینوں سے یہی توقع رکھتی ہے کہ وہ اس کا تحفظ کریں اور اس کے وسائل ضائع ہونے سے بچائیں، یہی مقصد ہے ارتھ آور منانے کا اور ایک گھنٹہ زمین کے لئے وقف کرنے کا۔