پاکستان
05 اپریل ، 2012

رینٹل پاور : سابق وزراء اور دیگر کے نام تاحال ای سی ایل میں شامل نہیں ہوئے

رینٹل پاور : سابق وزراء اور دیگر کے نام تاحال ای سی ایل میں شامل نہیں ہوئے

اسلام آباد … سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کے باوجود رینٹل پاور کیس میں ذمہ دار سابق وفاقی وزراء، سیکریٹریز اور واپڈا حکام کے نام ای سی ایل میں شامل نہ ہوسکے۔ ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ رینٹل پاور کیس میں سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کے باوجود ابھی تک ذمہ داران کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوسکی۔ نیب کے ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزراء، سیکریٹریز اور واپڈا حکام کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی وزارت داخلہ کو سفارش کردی گئی ہے تاہم وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق نیب کی طرف سے ابھی تک کسی سابق وزیر، سیکریٹریز اور دیگر حکام کے نام نہیں دیئے گئے۔ سابق وفاقی وزراء میں راجہ پرویز اشرف، لیاقت جتوئی، شوکت ترین جبکہ سابق سیکریٹریز میں سلمان صدیق، شاہد رفیع، اسماعیل قریشی، اشفاق محمود اور سعید الظفر شامل ہیں۔ سابق چیئرمین واپڈا طارق حمید، سابق چیئرمین نیپرا خالد سعید ، سابق سی ای او جنکوز یوسف علی، سابق ایم ڈی پی پی آئی بی فیاض الٰہی، خالد عرفان الرحمان کے نام بھی ذمہ دار افراد میں شامل ہیں۔ پیپکو کے سابق ایم ڈیز طاہر بشارت چیمہ، منصور بصیر احمد کے نام بھی ذمہ داران میں شامل ہیں۔ اس سے پہلے نیب کے 2روز قبل جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ رینٹل پاور پراجیکٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور مالکان کے نام ای سی ایل میں شامل کرلئے گئے ہیں۔

مزید خبریں :