پاکستان
05 اپریل ، 2012

صدر کے دورہ بھارت پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے، چوہدری نثار

صدر کے دورہ بھارت پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے، چوہدری نثار

اسلام آباد … قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ صدر کے دورہ بھارت پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے، بھارت پاکستان میں کرکٹ ٹیم تک بھجوانے کو تیار نہیں۔ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ حافظ سعید پاکستانی شہری ہیں، ثبوت کے بغیر ان کے سر کی قیمت لگانا تشویشناک ہے جبکہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے بتایا کہ صدر نجی حیثیت میں بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں چوہدری نثار علی نے کہا کہ صدر آصف زرداری کوئی عام شہری نہیں کہ جب چاہیں کہیں بھی چلے جائیں، وہ کس ایجنڈے کے تحت بھارت جارہے ہیں بتایا جائے، صدر ملک کی آزادی اور وقار کو ملحوظ خاطر رکھیں، بھارت کے ساتھ تعلقات انتہائی حساس نوعیت کے ہیں، بھارت کے ساتھ بات چیت کو غیر رسمی دوروں کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔ چوہدری نثارنے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو اچھوت بنا دیا ہے، بھارت پاکستان میں کرکٹ ٹیم تک بھجوانے کو تیار نہیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ امریکی کہتے ہیں کہ ہمارے دوست ہیں، دوسری طرف پاکستانی قانون اور عزت کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے چوہدری نثار کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ صدر کا دورہ نجی ہے ، وہ صدر پاکستان ہیں، اس لئے بھارتی حکومت کو آگاہ کیا گیا، پاکستان نے کسی بھی بھارتی حکام سے صدر کی ملاقات کی خواہش کا اظہار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے صدر زرداری کے دورے کو خوش آمدید کہا، من موہن سنگھ نے جذبہ خیر سگالی کے تحت خود ظہرانے کی دعوت دی۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ آنے جانے، بات چیت اور مذاکرات سے ماحول بہتر ہوتا ہے، صدر کا دورہ مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں ہے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ حافظ سعید کا معاملہ امریکا کے ساتھ اٹھایا ہے، امریکا کو واضح پیغام دیا ہے کہ حافظ سعید کے خلاف ٹھوس ثبوت ہیں تو فراہم کریں۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ حافظ سعید کے بارے میں امریکا نے غلط موقع پر فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی ہمیشہ پاکستانی مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتی ہے ، امریکا سمیت کسی ملک کے دباوٴ میں فیصلہ نہیں کرتے اور نہ ہی کریں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کا حافظ سعید کے سر کی قیمت لگانا احمقانہ اور مضحکہ خیز ہے، حافظ سعید مفرور نہیں، وہ کھلے عام جلسوں میں خطاب کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :