05 اپریل ، 2012
کراچی … سابق سٹی ناظم کراچی اور رہنما جماعت اسلامی نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ نے یوکے اسلامک مشن کے تعاون سے ٹھٹھہ میں تیارشدہ 50 مکانات کی چابی سیلاب متاثرین کے حوالے کردیں۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان اور صدر یوکے اسلامک مشن ڈاکٹر زاہد پرویز نے متاثرین میں چابیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ نے بتایا کہ یوکے اسلامک مشن اور الخدمت کراچی کے تعاون سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 50 گھر ٹھٹھہ کے خمیسو گوٹھ میں تعمیر کئے گئے۔ انہوں نے کہا الخدمت فاوٴنڈیشن ملک کا واحد فلاحی ادارہ ہے جو تمام شعبوں میں خدمت کر فریضہ سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ زلزلہ ہو یا سیلاب متاثرین کی بحالی الخدمت پاکستان کے اندر اور باہر سرگرم عمل ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سندھ اسد اللہ بھٹو نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے صدر یو کے اسلامک مشن ڈاکٹر زاہد پرویز کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کے شہریوں اور یو کے اسلامک مشن نے الخدمت کے پلیٹ فارم سے سندھ کے متاثرہ علاقوں میں مدد کرکے بھائی چارے کی فضا قائم کی۔