06 اپریل ، 2012
اسلام آباد… گھریلو تشددکے خلاف بل پر تحفظات کے بعد اس کی متنازع شقیں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر خورشید شاہ کی زیر صدارت اس بل پر اتفاق رائے کے لیے خصوصی مشاورتی اجلاس پارلیمنٹ ہاوٴس اسلام آباد میں ہوا۔اس دوران پارلیمنٹ کے باہر این جی اوز کی خواتین نے بل کے حق میں جب کہ جے یو آئی ف کی عورتوں نے مخالفت میں مظاہرے بھی کیے۔ جے یوآئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان تحفظات کے باعث اجلاس سے واک آوٴٹ کر گئے ۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ زیر غور قانون بھارتی ہے، اس بل سے آزادی نہیں، آوارگی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے،عورت کی آزادی سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پہلے سے موجود ہیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں خورشید شاہ نے کہاکہ بل میں کچھ خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور بعض شقوں میں تبدیلی کے لیے مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی دباوٴ قبول نہیں کیا جائے گا اور مشرقی تہذیب کو مغربی تہذیب میں ضم نہیں ہونے دیں گے۔