06 اپریل ، 2012
پشاور … نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی صفر ہے، سیاستدانوں نے اپنی ذات کی خاطر ملک کو دو لخت کیا، اگر نیٹو سپلائی بحال ہو، تو ڈرونز حملے بند ہونے چاہئیں، میں آج بھی صدر زرداری کے والد کی بخشش کی دعا کرتا ہوں۔ قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف پشاور میں امیرمقام کی ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہ کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی صفر ہے، اگر ہمیں کام کرنے دیا جاتا تو ملک خوشحال ہوتا، ہمارے دور حکومت میں بم دھماکے نہیں ہوتے تھے، جے ایف تھنڈر بنانے کی منظوری میں نے دی تھی۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ سیاستدانوں نے اپنی ذات کی خاطر ملک کو دو لخت کیا، میں آج بھی صدر زرداری کے والد کی بخشش کی دعا کرتا ہوں، خواہش کے باوجود مجھے والد کی تدفین کیلئے پاکستان آنے نہیں دیا گیا، میرے والد کی نماز جنازہ خانہ کعبہ میں ادا کی گئی تھی۔ قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈکٹیٹروں نے ملک کو دو ٹکڑوں میں تقسیم کیا، اگر ڈکٹیٹر جمہوریت پر شب خون نہ مارتے تو آج پاکستان ترقی کرچکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکے نہ کرنے کیلئے 5 ارب روپے کے فنڈز کی پیش کش کی گئی لیکن میں نے اسے ٹھکراتے ہوئے کہا کہ ایٹمی دھماکے ضرور ہوں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ اگر نیٹوسپلائی بحال ہو، تو ڈرونز حملے بند ہونے چاہئیں، پاکستانی فضائی اڈے غیر ملکی افواج کے حوالے نہیں کرنے چاہئیں، حافظ سعید کی سر کی قیمت مقرر ہونے پر دکھ ہوا۔اس موقع پر انہوں نے امیر مقام اور ان کے ساتھیوں کو مسلم لیگ ن میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی۔