دنیا
05 اپریل ، 2014

ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کا پانچواں سالانہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس

 ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کا پانچواں سالانہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس

ہیوسٹن…راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی…پاکستان قونصل جنرل آف ہیوسٹن افضال محمود نے کہا ہے کہ میئر ہیوسٹن انیس پارکر نے پاکستان کے مختلف شہروں سے ہائی پروفائل تاجر شخصیات اور سرمایہ کاروں کے وفد کو ہیوسٹن بلا کر پاکستانیوں کیلئے منافع بخش بنایا جبکہ ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی نے اس ضمن میں ایک پل کا کردار ادا کیا اور انہیں اُمید ہے کہ اس کے دیرپا اور مثبت نتائج برآمد ہوں گے ،یہ بات انہوں نے ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے پانچویں سالانہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ بحیثیت عوامی خدمت گار کے میں اور میرا عملہ قونصلیٹ میں ملک کیلئے اور پاکستانیوں کیلئے خدمات سرانجام دے رہا ہوں انہوں نے کہاکہ یہاں کام کرنے والی پاکستان ایسوسی ایشن اور پاکستانیوں کی مختلف نمائندہ تنظیمیں دراصل میرا دست و بازو ہیں جن کیلئے میرا مشورہ ہو گا کہ وہ مقامی یونیورسٹیوں میں قائم پاکستان اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر کام کریں انہوں نے کہاکہ نوجوان کسی بھی ملک کا سرمایہ ہوتے ہیں لہٰذا نوجوانوں کو بھی یہ تنظیمیں کسی طور فراموش نہ کریں بلکہ کمیونٹی کے فلاحی کاموں میں ان کی شراکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نوجوانوں کے ذریعے اپنے کلچر اور اپنے کھانوں کو یہاں صحیح طور پر متعارف کرا سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ وہ کمیونٹی اور آپ جیسی تنظیموں کے تعاون سے ہر مشکل کام باآسانی کر لیتے ہیں اس لئے میں کبھی بھی آپ کو قونصلیٹ سے جدا نہیں سمجھتا۔ قبل ازیں ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کی پانچویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جبکہ سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ کا قونصل جنرل اور وہاں موجود افراد نے زبردست خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر پاکستان قونصلیٹ کے کمرشل اتاشی فواد شاہ‘ مس تومیکو اولاہ‘ پروٹوکول منیجر اور ہیوسٹن شہر کی کوآرڈینیٹر جینس شیں سمیت مظفر خان‘ محمد ظہر‘ قمر خواجہ‘ ایم جے خان‘ سید نیر اظفار‘ مونتا نتریلہ‘ ڈیوڈ گڈون‘ الیاس چودھری‘ مطلوب خان‘ عامر مسعود خان‘ روز اشرف‘ عنایت اشرف‘ شمیم سید اور دیگر کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کا قیام 2009ء میں عمل میں آیا تھا جس پر اُس وقت کے میئر کراچی مصطفی کمال اور ہیوسٹن کے میئر بل وائٹ نے ایک یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے دونوں شہروں کو جڑواں شہر قرار دینے کا معاہدہ کیا تھا۔ امریکہ میں 1956ء کے دوران امریکی صدر آئزن ہاور کے زمانے میں دنیا بھر کے ممالک میں قائم شہروں کے درمیان عوام ٹو عوام ڈپلومیسی کیلئے یہ بل امریکی ایوان نمائندگان سے منظور کیا گیا تھا۔ اس طرح اس پروگرام کے تحت امریکہ کے 100 مسلمان ممالک کے شہروں سے میونسپل سطح پر ایسے معاہدات ہو چکے ہیں جن کو امریکہ کے شہروں کے ساتھ جوڑا جا چکا ہے۔ اس وقت صدر بارک اوباما انٹرنیشنل سٹی کے اعزازی چیئرمین ہیں جبکہ ہر سٹی کا میئر اس کا اعزازی چیئرمین ہے۔ ہیوسٹن اور کراچی کے درمیان ہونے والے اس معاہدے اور ایک دوسرے کو جڑواں شہر قرار دینے کے بعد تعلیم‘ صحت‘ سرمایہ کاری اور بزنس کے حوالے سے کئی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے ہیں جبکہ حکومتی سطح پر بھی آنے والے وفود کے پروگراموں کے حوالے سے سسٹر سٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

مزید خبریں :