07 اپریل ، 2014
~لاہور…لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے قرار دیاہے کہ غریبوں کو اتنے یونٹ ضرورملنے چاہئیں کہ ان کے2 پنکھے اور2 بلب روزانہ جل سکیں،عدالت نے وزارتِ پانی وبجلی کوحکم دیا کہ کے الیکٹرک کو فراہم کردہ زائدبجلی کی واپسی کیلئے کئے گئے اقدامات کی رپورٹ آئندہ سماعت پرپیش کی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ میں غیر اعلانی لوڈ شیڈنگ کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بجلی مہنگی ہونے کی وجہ سے بجلی چوری بڑھتی ہے ، شہریوں کو شکایت ہے کہ بجلی نہ ہونے سے رات کو آرام ہے،نہ دن کو روز گارملتاہے ، عدالت نے جوائنٹ سیکریٹری وزارتِ پانی و بجلی سے استفسارکیاکہ لائن لاسز اور بجلی چوری روکنے کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کریں۔چیف جسٹس نے وزارتِ پانی وبجلی کو حکم دیاکہ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو فراہم کردہ زائد بجلی کی واپسی کیلئے کئے گئے اقدامات کی رپورٹ آئندہ سماعت پرپیش کی جائے ،کیس کی مزید سماعت 8 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔