دنیا
10 اپریل ، 2014

بھارت میں عام انتخابات کا تیسرامرحلہ

 بھارت میں عام انتخابات کا تیسرامرحلہ

نئی دہلی… بھارت میں عام انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے 14 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 91 لوک سبھا نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے اہم رہنماؤں نے بھی ووٹ ڈالا اور کارکنوں کو ووٹ ڈالنے کی ہدایت بھی کررہے ہیں۔ اس مرحلے کی کئی اہم اور بڑی فیصلہ کن ریاستوں کے ساتھ دارالحکومت دلی کی سات نشستوں کو سب سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔ جہاں تقریباً سوا کروڑ سے زائد ووٹر 150 امیدواروں کی ہار جیت کا فیصلہ کریں گے۔نئی دلی کے ایک پولنگ اسٹیشن پر حکمران جماعت کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی نے ووٹ ڈالا۔ ان کے بعد ملک کے نائب صدر حامد انصاری نے حق رائے دہی استعمال کیا۔راہول گاندھی نے دلی میں ووٹ ڈالنے کے بعد خوشی کا اظہار کیا، بہن پریانکا گاندھی اپنے شوہر رابرٹ ودرا کے ساتھ ووٹ ڈالنے آئیں۔دلی کے انتخابی معرکہ میں عام آدمی پارٹی بھی شریک ہے، عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دلی کے سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے پولنگ اسٹیشن پہنچتے ہی وکٹری کا نشان دکھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سچائی اور برائی کی جنگ میں جیت عام آدمی کی ہوگی۔چندی گڑھ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدواراور بالی وڈ اداکارہ کرن کھیر نے اپنے والد کے ساتھ ووٹ ڈالا اور امید ظاہر کی کہ چندی گڑھ میں بی جے پی حکومت بنائے گی۔ہریانہ میں بھی کانگریس کے مقابلہ کے لئے عام آدمی پارٹی طاقت پکڑ رہی ہے، پارٹی کے صوبائی سربراہ یوگندرا یادو کا کہنا ہے کہ دلی کی طرح ہریانہ میں بھی نتائج حیران کن ہوں گے۔لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لیے ووٹنگ کا عمل 12 مئی تک جاری رہے گا اور نتائج کااعلان 16 مئی کوہوگا۔

مزید خبریں :