07 اپریل ، 2012
کراچی… برطانیہ نے6 اپریل 2012ء سے پاکستان کیلئے آن لائن ویزا درخواست جمع کرانے کی سہولت کا آغاز کردیا ہے،پاکستانی شہریوں کو اب ویزا سینٹرز میں پیپر درخواست فارم جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور پوائنٹ بیسڈ سسٹم کے تحت اسٹوڈنٹ ویزا اور ورک ویزا کیلئے درخواست دینے کے خواہشمند افراد اور ان کے اہل خانہ مقرر کردہ ویب سائٹ کے ذریعے برطانیہ کے ویزا کی آن لائن درخواست جمع کراسکیں گے، علاوہ ازیں یکم مئی 2012ء سے برطانیہ پیپر بیسڈ درخواستیں وصول نہیں کرے گا اورصرف آن لائن درخواستیں وصول کی جائیں گی اس سے قبل برطانیہ 5 مارچ 2012ء سے بھارت کیلئے بھی آن لائن ویزا درخواست جمع کرانے کا آغاز کرچکا ہے ، برطانیہ 2013ء سے پوری دنیا کیلئے آن لائن ویزا درخواست کی سہولت کا آغاز کردے گا اورآئندہ سال سے برطانیہ ویزا کی پیپر درخواست فارم وصول نہیں کرے گا،رپورٹ کے مطابق یہ اقدام برطانوی ویزا کے غلط استعمال کو روکنے اورغیر قانونی مائیگریشن کو روکنے کیلئے کیا گیا ہے، پاکستان سے برطانیہ داخل ہو کر سیاسی پناہ لینے والے افراد کی تعداد چھ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، رپورٹ کے مطابق آن لائن ویزا درخواست کی سہولت متعارف کرانے کے بعد بھی ویزا کی پراسیسنگ ابوظبی میں ہوگی سال 2009ء اور 2010ء میں ویزا کے امیدواروں کے پاسپورٹ گم ہونے کی شکایات بھی پیدا ہوئیں۔