16 اپریل ، 2014
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے یو نیورسل سپورٹ فنڈ کیس میں تھری جی اور فور جی کی نیلامی 23 اپریل کو بلا تعطل کرنے کا حکم جاری کردیا۔سپریم کورٹ میں جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے یو نیورسل سپورٹ فنڈ کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی اے اسماعیل شاہ نے عدالت کو بتایا کہ چار سیلولر کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔پندرہ فیصد زرضمانت بھی جمع کرا دیا ہے ، توقع ہے کہ 1.3 ارب ڈالر سے زائد کی رقم حاصل ہو گی۔ عدالت نے حکم جاری کیا کہ تھری جی اور فور جی کی نیلامی 23 اپریل کو بلا تعطل کی جائے،حتمی عدالتی فیصلے تک نیلامی کی رقم مجموعی قومی فنڈ(فیڈرل کنسولی ڈیٹڈ فنڈ) میں رہے گی۔بعد میں یہ فیصلہ عدالت فیصلہ کرے گی کہ رقم کس اکاؤنٹ میں جائے۔کیس کی مزید سماعت مئی کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔