07 اپریل ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ نہیں ہوگا بلکہ معاشی نظم و ضبط بہتر بناتے ہوئے اخراجات میں سادگی لائی جائے گی۔ اسلام آباد میں اقتصادی مشاورتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ بجٹ کی تیاری میں صنعتکاروں، تاجروں، سرمایہ کاروں، معاشی ماہرین اور میڈیا کے حضرات سے بھی مشاورت کی جائے گی جبکہ اراکین پارلیمنٹ کا بھی تعاون حاصل کیا جائے گا۔ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں اقتصادی ترقی کی شرح میں اضافہ، ٹیکس آمدنی میں اضافہ جبکہ مالی خسارے میں کمی کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں کونسل کی 4 ذیلی کمیٹیوں کی سفارشات پیش کی گئیں جن میں کارپوریٹ ٹیکس کی شرح میں کمی کی سفارش کی گئی۔ سماجی شعبہ کیلئے فنڈز میں اضافہ اور بچتوں کے فروغ کیلئے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔