07 اپریل ، 2012
اسلام آباد . . . . . وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ صدر زرداری کا استقبال نہ کرکے وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئین کی توہین کی،استعفیٰ دے دیتے تو بہادری کا کام کرتے۔ اسلام آباد سے لاہور پہنچنے کے بعد ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا کہ شہبازشریف سن لیں پیپلزپارٹی کی قیادت نے لاہورمیں ٹھکانہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ آج بلاول کو بچہ کہتے ہیں، وہ کل خود بھی بچے تھے ، بلاول کسی آمر کی گود میں نہیں پلا، بلاول اور ان میں یہی بڑا فرق ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 5 بہنیں ایسی بھی ہیں جو شریف برادران کے خلاف ثبوت لے کران کے پاس آئی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پیر کے روز خواجہ شریف قتل سازش کیس منظر عام پر لائیں گے ۔