07 اپریل ، 2012
حافظ آباد … مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے اتحادیوں کا انجام پی پی جیسا ہوگا، ان کی کشتی الیکشن میں اکٹھے ڈوبے گی۔ حافظ آباد میں مسلم لیگ ن کے ضلعی رہنما چوہدری نجیب الرحمن کی ہمشیرہ کی شادی تقریب میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کا سیلاب حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ہے، خارجہ پالیسی کی کوئی سمت نہیں، سپریم کورٹ کے ساتھ بھی محاذ آرائی چل رہی ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی پر باقی صوبے رشک کر رہے ہیں، 60 ہزار سے زائد اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے گئے، کسی ایم این اے یہ ایم پی اے کی سفارش ثابت ہو جائے تو وہ استعفیٰ دے دیں گے ۔