24 اپریل ، 2014
اسلام آباد…پیمرا نے وزارت دفاع اور آئی ایس آئی کی شکایت پر جیونیوز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ جیونیوز کا موقف سنے بغیر پیمرا نے نوٹس میں کہا ہے کہ کیوں نہ جیو نیوز بند کردیا جائے۔پیمرا کے شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 22 اپریل کو وزارت دفاع کی جانب سے اسے شکایت ملی جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ جیو نیوز نے 19 اپریل کو کراچی میں جیو نیوز کے اینکر پرسن حامد میر پر فائرنگ کے بعد آئی ایس آئی اوراس کے افسران کے خلاف مہم چلائی۔ آئی ایس آئی نے الزام لگایا کہ جیونیوز کی ملک دشمن مواد نشر کرنے کی ایک تاریخ ہے لیکن آئی ایس آئی نے یہ نہیں بتایا کہ کتنی دفعہ اس نے جیونیوز کی ملک دشمن نواز مواد نشر کرنے سے متعلق پیمرا کو شکایت کی۔ وزارت دفاع کے لفافے میں آئی ایس آئی کے سربراہ کی شکایت کی ایک کاپی اور دو وڈیو رکارڈنگز بھی ہیں۔ پیمرا نے جیونیوز کا موقف سنے بغیر شوکاز نوٹس میں کہا ہے کہ پیمرا قوانین کی خلاف ورزی پر کیوں نہ جیو نیوز کو بند کردیا جائے۔ شوکاز نوٹس میں جیونیوز کو 14 دن میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔