08 اپریل ، 2012
نئی دہلی… صدرزرداری نے بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ سے ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے بعد دونوں رہنماوٴں نے اپنی ملاقات کو دونوں ممالک کے حوالے سے تعمیری اور مفید قرار دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ وہ صدر زرداری کے دورے سے بہت مطمئن ہیں، صدر زرداری نے پاکستان آنے کی دعوت دی ہے جو میں بخوشی قبول کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری سے تمام امور پر بات چیت ہوئی جو خوشگوار رہی۔ صدر زرداری نے بھارتی عوام کو سلام پہنچایا ۔ واضح رہے کہ صدر زرداری کی منموہن سنگھ سے یہ پہلی ملاقات نہیں،دونوں رہنما اس سے پہلے بھی مل چکے ہیں۔ صدرزرداری کی بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ سے پہلی ملاقات 2008میں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کیاجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوئی۔ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان جامع مذاکرات کی بحالی، کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف تجارت کی اجازت دینے اور بھارتی سامان کو کابل تک پہنچانے کیلئے پاکستان کا زمینی راستہ استعمال کرنے کی اجازت دینے پر بات ہوئی۔