08 اپریل ، 2012
اجمیر شریف … صدر آصف علی زرداری نے بھارتی شہر اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی کے مزار پر حاضری دی ، دعا مانگی اور شکرانے کے نوافل ادا کئے، صدر نے درگاہ کی توسیع کیلئے 10 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان بھی کیا، صدر زرداری کے ہمراہ بلاول، بختاور، آصفہ بھٹو زرداری ، رحمان ملک، بابر اعوان اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔ صدر زرداری نے درگاہ کی کتاب میں اپنے تاثرات میں لکھا ہے کہ اس مقدس مقام پر آکر مجھے جو روحانی خوشی ہوئی وہ ناقابل بیان ہے، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ تمام انسانیت کیلئے آسانیاں پیدا کرے۔ صدر آصف علی زرداری اپنے بیٹے بلاول، بیٹیوں بختاور اور آصفہ اور دیگر افراد کے ہمراہ آج بھارت پہنچے جس کے بعد سخت سیکیورٹی انتظامات میں صدر زرداری نے وفد کے ہمراہ درگاہ اجمیر شریف پر حاضری دی اور شکرانے کے نوافل ادا کرنے کے بعد مزار پر دعا مانگی۔ صدر زرداری اور دیگر افراد کا استقبال شہنائی بجا کر کیا گیا جبکہ صدر اور وفد کے دیگر ارکان کی گلابی پگڑیوں سے دستار بندی بھی کی گئی۔ درگاہ خواجہ معین الدین چشتی کے سجادہ نشین نے دونوں ممالک کے درمیان امن کیلئے خصوصی دعا کرائی۔ صدر زرداری نے درگاہ کے دورے کے موقع پر کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے جو درگاہ کے ایک خادم نے میڈیا کے سامنے پڑھ کر سنائے۔ صدر زرداری اور پاکستانی وفد کی درگاہ اجمیر شریف پر حاضری کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کے باعث مزار عام افراد کیلئے بند کردیا گیا تھا تاہم صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے باہر موجود افراد کو ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔