08 اپریل ، 2012
راولپنڈی … آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے سیاچن میں گیاری سیکٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے برفانی تودے میں دبے فوجی جوانوں کو نکالنے کیلئے کئے گئے ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کی، ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 20 سال میں اتنا بڑا برفانی تودا کبھی نہیں گرا، فوجیوں کو نکالنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے سیاچن کا دورہ کرکے گیاری سیکٹر میں برفانی تودے میں دبے فوجیوں اور شہریوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ آرمی چیف جنرل کیانی کو کمانڈر ایف سی این نے ریسکیو آپریشن سے متعلق بریفنگ دی، آرمی چیف کے ہمراہ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل خالد نواز خان بھی موجود تھے۔ سیاچن کے گیاری سیکٹر میں برفانی تودا گرنے سے 135 فوجی اور سویلین دبے ہوئے ہیں جن کیلئے ریسکیو آپریشن کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کہنا تھا کہ بھرپور ریسکیو آپریشن کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں، گزشتہ 20 سال میں اتنا بڑا برفانی تودا کبھی نہیں گرا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ برفانی تودے میں پھنسے فوجی جوانوں اور شہریوں کو نکالنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور امدادی کارروائیوں میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی کے حصول کی کوششیں جاری ہیں۔