30 اپریل ، 2014
کراچی…جیو نیوز کے اینکر اور سینئرصحافی حامد میر پر حملے کیلئے قائم انکوائری کمیشن کی کارروائی تیسرے روز بھی جاری رہی،عدالتی معاونت کیلئے پولیس کے تفتیشی افسران کی ٹیم موجود رہی۔ اعلامیے کے مطابق کمیشن کے روبروکوئی شخص واقعہ سے متعلق گواہی اور مواد دیناچاہتا ہے تو وہ کمیشن سے رابطہ کرسکتا ہے ، گواہی دینے والے کا نام ظاہر نہیں کیا جائے گا۔جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس اقبال حمید الرحمان پر مشتمل تین رکنی انکوائری کمیشن نے تیرے روز بھی کارروائی جاری رکھی۔ کمیشن کی معاونت کیلئے پولیس کے تفتیشی افسران سپریم کورٹ میں موجود رہے،گزشتہ روز انکوائری کمیشن کے روبرو سینئرصحافی عامر میر نے اپنا بیان قلم بند کرایا تھا۔ حامد میر انکوائری کمیشن میں پولیس ، رینجرز، آئی بی اور دیگر ادارے اپنی رپورٹ جمع کراچکے ہیں۔ سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق انکوائری کمیشن دو مئی تک کراچی رجسٹری میں کارروائی کرے گا۔