پاکستان
02 مئی ، 2014

لاپتا کارکنوں کی بازیابی کیلئے متحدہ کا حکومت کو 72 گھنٹے کا وقت

لاپتا کارکنوں کی بازیابی کیلئے متحدہ کا حکومت کو 72 گھنٹے کا وقت

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ نے لاپتا کارکنوں کی بازیابی کے لیے حکومت کو 72 گھنٹوں کا وقت دیا ہے، ڈاکٹر فاروق ستار نے الزام لگایا کہ گزشتہ روز تشدد سے ہلاک ہونے والے کارکنوں کی گرفتاری میں رینجرز ملوث ہے، تحقیقات ہونی چاہیے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے بتایا کہ مقتول کارکنوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایاگیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے بغیر ثبوت کسی پر کبھی انگلی نہیں اٹھائی، مقتول اور لاپتا کارکنوں کی بازیابی حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم حکومت کی مدد کیلیے معلومات منظرعام پر لا ر ہے ہیں کہ 13 اپریل کو اسکیم 33 سے 10 کارکنوں کو سادہ لباس اہل کاروں نے گرفتار کیا جنہیں رینجرز نے کور دیا، تمام مناظر عینی شاہدین نے دیکھے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے اپیل کی کہ وہ کور کمانڈر کراچی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیں جو واقعے کی تحقیقات کرے۔اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ کے دو مقتول کارکنوں کی نماز جنازہ نمائش چورنگی پر ادا کی گئی۔ سلمان اور سمید کی نماز جنازہ میں رابطہ کمیٹی کے ارکان اراکان پارلیمنٹ اورکارکنوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، بعد میں سمید کی جامعہ کراچی کے قبرستان میں اور سلمان کی شہدا قبرستان میں تدفین کردی گئی ۔

مزید خبریں :