02 مئی ، 2014
شکاگو…ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین، ندیم صدیقی سمیت سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے ایم کیو ایم کے چار کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کی انتہائی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے مہاجروں کی جاری نسل کشی کا ایک اور انتہائی سنگین اور دردناک واقعہ قرار دیا ۔اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان کی جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت ہلاکتوں نے پوری پاکستانی قوم کے ضمیر کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ایم کیو ایم کے کارکنان پر انسانیت سوز تشدد اور ہلاکتوں پر عدلیہ سمیت پاکستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے جس نے کراچی کے عوام کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ آخر اس شہر سے سوتیلے پن کا سلوک روا رکھتے ہوئے یہاں وحشت اور بربریت کیوں مسلط کی جارہی ہے؟ کیا مہاجر آج بھی پاکستان بنانے سے ملک بچانے تک کی لازوال قربانیوں کے باوجود فرزندان زمین نہیں؟ اگر کراچی منی پاکستان ہے تو آخر کراچی والوں سے پاکستانیوں جیسا سلوک کیوں نہیں ؟ ۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام پر ظلم اور بربریت مسلط کرنے والے یہ نہ بھولیں کہ کراچی کے عوام کمزور اور بزدل نہیں بلکہ صرف قائد تحریک الطاف حسین کی امن کی اپیلوں اور پاکستان سے بے لوث محبت نے انہیں صبر، برداشت اور عدم تشدد کے راستے پر گامزن کیا ہوا ہے۔ ایم کیو ایم امریکہ کی نے پاکستان کے محب وطن عوام سے اپیل کی کہ وہ دکھ اور آزمائش کی اس کٹھن گھڑی میں کراچی کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر ظلم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں ، مظلوم اور محروم عوام کا اتحاد ہی سرکاری سرپرستی میں جاری اس ظلم اور تشدد کو شکست دے سکتا ہے۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کارکنان کی ماورائے عدالت ہلاکتوں میں ملوث عناصر کو بے نقاب کر کے عبرتناک سزائیں دی جائیں تاکہ کراچی میں پائے جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔ آخر میں ایم کیو ایم امریکہ کے مرکزی ذمہ داران نے ایم کیو ایم کے شہید کارکنان کے ایصال ثواب اور بلند درجات کے لئے خصوصی دعاء کی ۔