08 اپریل ، 2012
کوئٹہ … جمہوری وطن پارٹی کے رہنما نوابزادہ طلال اکبر بگٹی نے کہا کہ سوئی، ڈیرہ بگٹی سے لاکھوں بگٹی مہاجرین کے ناموں کا ووٹر لسٹوں سے اخراج شہید نواب اکبر خان بگٹی کے خاندان کو حقیقی نمائندگی سے محروم کرنے کی بہت بڑی سازش ہے، ایسے حالات پیدا کیے جارہے ہیں کہ ہم پارلیمانی سیاست ترک کرکے پہاڑوں کا رخ کریں۔ انہوں نے یہ بات بگٹی ہاوٴس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال اکبر بگٹی نے کہاگزشتہ دنوں عدالت عظمیٰ کی جانب سے از خود نوٹس کے ایماء پر 4یا 5لاپتہ افراد کو منظر عام پر آنا خوش آئند اقدام ہے مگر چند افراد کا منظر عام پر لانا مذاق کے مترادف ہے، بہر حال یہ واضح ہوچکا ہے کہ لاپتہ افراد کی بازیابی ممکن ہے اور کوئی بھی ادارے آئین اور قانون سے بالاتر نہیں، بلوچستان کی عوام کیلئے معزز عدالت عظمیٰ امید کی کرن ہے اور سینکڑوں لاپتہ افراد کے اہلخانہ نے گھروں کے دروازے اس امید پر کھول دئیے ہیں کہ ان کے پیارے کب گھروں کو پہنچیں گے۔ جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال اکبر بگٹی نے کہا کہ خفیہ اداروں اور ہاتھوں کے ذریعے ایک مذموم سازش کے تحت جے ڈبلیو پی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے اور نت نئے منفی ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ کو سیاسی سرگرمیوں سے روکنے کیلئے بگٹی ہاوٴس تک محدود کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔