15 مئی ، 2014
اسلام آباد…رواں مالی سال پاکستان صرف صنعتی ترقی کا ہدف پورا کرسکا،مجموعی معاشی ترقی سمیت زراعت اور خدمات کی ترقی کے اہداف حاصل نہ ہوسکیں ہیں۔اسلام آباد میں نیشنل اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری شماریات شاہد رشید اور چیف شماریات آصف باجوہ سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال معاشی ترقی 4.14 رہے گی جبکہ اس کا ہدف 4.4 فیصد تھا۔ صنعتی ترقی 5.48 فی صد رہنے کا اندازہ ہے جبکہ اس کا ہدف 4.8 فی صد رکھا گیا تھا۔بڑی صنعتوں میں 5.3 فی صد جبکہ چھوٹی صنعتوں میں 8.35 فی صد ترقی دیکھی جائے گی۔زراعت میں ترقی کی شرح صرف 2.12 فی صد رہنے کا تخمینہ ہے جبکہ اس کا ہدف 3.7 فی صد تھا۔ خدمات کے شعبے میں 4.2 فی صد ترقی ہونے کا اندازہ ہے جبکہ اس کا ہدف 4.5 فی صد رکھا گیا تھا۔