پاکستان
19 مئی ، 2014

دفاعی بجٹ میں شفافیت بھی ہے اور احتساب کا عمل بھی، وزارت دفاع

دفاعی بجٹ میں شفافیت بھی ہے اور احتساب کا عمل بھی، وزارت دفاع

اسلام آباد … وزارت دفاع نے دعوی ٰ کیا ہے کہ دفاعی بجٹ میں شفافیت بھی ہے اور احتساب کا عمل بھی۔ سینیٹرفرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ شفافیت کم ہے، جی ایچ کیو جسے دشمن شناخت کرے، وہی دشمن ہوتا ہے، اسے چیلنج کرنے والے پر غداری کا ٹھپہ لگ جاتا ہے ،بے نظیر بھٹو نے چیلنج کیا تو انہیں ہٹا دیا گیا، نواز شریف نے چیلنج کیا تو پہلے کارگل ہوا، پھر جلا وطنی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے زیر اہتمام دفاعی بجٹ کے بارے میں میڈیا ورکشاپ اسلام آباد میں ہوئی۔ وزارت دفاع کے ایڈیشنل سیکریٹری ائیر وائس مارشل ارشد قدوس نے کہا کہ دفاعی اخراجات کبھی خفیہ نہیں رہے، حکومت جو بجٹ دیتی ہے، وہ اخبارات اور انٹر نیٹ پر موجود ہے۔فوج کے کاروبار سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا کہ اس بارے میں ایک کمیٹی کام کررہی ہے، اس کی رپورٹ سامنے آجائے تو پھر بات کی جائے گی، دفاعی اخراجات کبھی خفیہ نہیں رہے، دفاعی بجٹ کا 48فیصد بری فوج کو، 20فیصد پاک فضائیہ اور 10فیصد پاکستان نیوی کو دیا جاتا ہے، 40 فیصد پروکیورمنٹ میں جاتا ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی بجٹ جی ایچ کیو کے تناظر میں بنایا جاتا ہے، پارلیمنٹ کا کوئی نکتہ نظر موجود نہیں ہوتا، جی ایچ کیو جسے دشمن شناخت کرے، وہی دشمن ہوتا ہے،دفاعی بجٹ میں شفافیت بڑی کم ہے، بے نظیر بھٹو نے اس طریقہ کار کو چیلنج کیا تو انہیں ہٹا دیا گیا، نواز شریف نے چیلنج کیا تو پہلے کارگل ہوا، پھر جلا وطنی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طریقہ کار کو چیلنج کرنے والے پر غداری کا ٹھپہ لگ جاتا ہے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ دفاعی بجٹ میں اضافے پر اعتراضات سامنے آئے تو سابق فوجی صدر پرویز مشرف نے فوجی پنشن کے 100 ارب روپے سویلین بجٹ میں ڈال دیے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ پاکستانی سلامتی سے متعلق دو سب سے بڑے فیصلے سویلینز نے کیے،ایٹم بم بنانے کا فیصلہ ذوالفقارعلی بھٹو نے جبکہ تجربہ نواز شریف نے کیا، موجودہ وزیر دفاع کی پارٹ ٹائم حیثیت ہے۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ دفاعی بجٹ کے بارے میں سینیٹ کمیٹی کو جامع بریفنگ دی جاتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تبدیل ہوچکا ہے اب آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا بھی ملک میں بڑے اداروں کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

مزید خبریں :