19 مئی ، 2014
کراچی…کراچی میں دہشت گردی نہ رک سکی، مختلف علاقوں میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں جعفریہ الائنس کے رہنما اور سنی تحریک کے کارکن سمیت 8 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ ریسکیو زرائع کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر 5 بی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی شناخت عقیل قادری کے نام سے ہوئی۔بلدیہ ٹاوٴن یوسف گوٹھ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سعید نامی شخص کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتول پولیس کانسٹیبل تھا۔ فیڈرل بی ایریا عائشہ منزل کے قریب فائرنگ سے سجاد حسین نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔لیاقت آباد ڈاکخانے کے قریب نامعلوم افراد نے آٹوشاپ پر فائرنگ کرکے آغا مقصود کو قتل کردیا۔ منگھوپیر تھانے کی حدود میں قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ جیکسن تھانے کی حدود میں گھریلو تنازعہ نے صباء نامی خاتون کی جان لے لی۔ میٹھادر میں دو موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2 افراد جاں کی بازی ہارگئے جس میں سے ایک کی شناخت شوکت شیرازی کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق شوکت شیرازی جعفریہ الائنس کے مقامی رہنما تھے۔ مجلس وحدت مسلمین اور شیعہ علماء کونسل نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔